Sunday, September 8, 2024

شب قدر پر ملک بھر میں رم جھم‘ عید پر بھی موسم بھیگا بھیگا رہنے کی پیشگوئی

شب قدر پر ملک بھر میں رم جھم‘ عید پر بھی موسم بھیگا بھیگا رہنے کی پیشگوئی
July 3, 2016
لاہور (92نیوز) ملک کے کئی شہروں میں بارش کے بعد گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات نے اگلے تین روز کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے کئی علاقوں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ‘ مری‘ راولپنڈی‘ مالاکنڈ‘ ہزارہ ڈویژن اور کشمیر کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس پر روزہ داروں نے سکھ کا سانس لیا۔ لاہور میں بھی دن کو بوندا باندی جبکہ رات گئے تیز بارش ہوئی جس سے حبس میں کمی ہونے سے شہریوں کی جان میں جان آئی۔ کراچی میں رات گئے بوندا باندی ہوئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ بھکر میں طوفانی بارش سے بجلی اور ٹیلیفون کا نظام درہم برہم ہو گیا اور طوفانی ہواو¿ں سے درخت اور سائن بورڈ اکھڑ گئے۔ بھکر میں مختلف حادثات میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری طرف بالائی علاقوں مانسہرہ اور شانگلہ میں بارش سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث سوات بشام روڈ بند ہو گئی۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور‘ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا ،فیصل آباد ڈویژن سمیت خیبرپختونخوا‘ فاٹا اور آزاد کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ میٹھی عید پر بھی موسم بھیگا بھیگا رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔