Thursday, April 25, 2024

شب برأت کے بابرکت دن پر لاہور بھر کی مساجد میں نوافل اورعبادات کا خصوصی اہتمام

شب برأت کے بابرکت دن پر لاہور بھر کی مساجد میں نوافل اورعبادات کا خصوصی اہتمام
May 23, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) ملک بھر میں شب برات انتہائی مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس رات کی مبارک ساعتوں میں رحمت الٰہی کے خزانے لوٹنے کے لیے فرزندان اسلام جوش وجذبے کے ساتھ مساجد میں پہنچے۔ کسی نے محافل میں شرکت کی تو کوئی نوافل اور استغفار کے ذریعے بارگاہ الٰہی سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کرتا رہا۔ شعبان المعظم وہ ماہ مبارک ہے جسے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنا مہینہ قرار دیا ہے۔ اس مہینے میں برکتوں اور رحمتوں والی شب برأت بارگاہ الٰہی سے امت مسلمہ کے لیے خصوصی انعام واکرام ہے۔ فرزندان اسلام اس مبارک رات کی بابرکت ساعتوں میں بارگاہ خداوندی سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کرتے ہیں۔ لاہور بھر کی مساجد میں صلوٰة التسبیح، نوافل اور عبادات کا خصوصی اہتمام کیا گیا جبکہ نوجوانوں اور بزرگوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی جوش وجذبے اور خصوصی اہتمام کے ساتھ شریک ہوئے۔ شہر میں شب برأت کی سب سے بڑی محفل جامع مسجد دربار حضرت داتا گنج بخش میں ہوئی جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ نوافل اور دیگر عبادات کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔ جامع مسجد یارسول اللہ سی بلاک ماڈل ٹاؤن، جامع مسجد آل فاطمہ بھوگیوال، جامعہ محمدیہ رضویہ فردوس مارکیٹ اور دربار حضرت میاں میر سمیت شہر بھر کی تمام مساجد میں اہل اسلام ذوق وشوق کے ساتھ شریک ہوئے اور بارگاہِ الٰہی میں مغفرت طلب کی۔