Saturday, April 20, 2024

شاہینوں کے پاس زمبابوے کے خلاف سیریز جیتنے کا موقع، ٹیم ہوم گراؤنڈ پر مایوس نہیں کرے گی: شائقین کرکٹ پرامید

شاہینوں کے پاس زمبابوے کے خلاف سیریز جیتنے کا موقع، ٹیم ہوم گراؤنڈ پر مایوس نہیں کرے گی: شائقین کرکٹ پرامید
May 29, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستانی ٹیم اگر آج  زمبابوبے کو شکست دینے میں کامیاب ہوئی تو  دسمبر دو ہزار تیرہ کے بعد پہلی بار کوئی ون ڈے سیریز اپنے نام کرے گی۔ پاکستان نے  آخری بار ون ڈے سیریز میں سری لنکا کو شکست دی تھی اس کے بعد سے ٹیم پانچ ون ڈے سیریز ہار چکی ہے۔ ٹیم ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں بھی ناکام رہی۔ ون ڈے فارمیٹ میں گزشتہ  دس مہینے کا عرصہ پاکستانی ٹیم کے لئے ناکامیوں کی نئی تاریخ رقم کر گیا۔ قومی ٹیم نے پانچ سیریز کھیلیں اور ایک میں بھی کامیابی نہ مل سکی۔ اگست دو ہزار چودہ میں ٹیم سری لنکا پہنچی اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز ایک دو سے ہار کر واپس پہنچی۔ ستمبر اور اکتوبر میں پاکستان نے یو اے ای میں آسٹریلیا کی میزبانی کی۔ گرین شرٹس کو اس سیریز میں تین صفر سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔ دسمبر میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں  بھی یو اے ای میں مدمقابل آئیں۔ قومی شاہینوں کو اس بار بھی دو تین سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم نیوزی لینڈ پہنچی تو وہاں بھی اسے میزبان ٹیم کے خلاف دونوں میچوں میں شکست ہوئی۔ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں ناکامی کے بعد ٹیم بنگلہ دیش کی مہمان بنی۔ کمزور میزبان نے بھی نہ بخشا اور تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ ون ڈے فارمیٹ میں گزشتہ دس ماہ کا عرصہ پاکستانی ٹیم کے لئے ناکامیوں کی نئی تاریخ رقم کر گیا۔ پاکستان کو اب زمبابوے کے خلاف سیریز جیتنے کا موقع ملا ہے۔ شائقین کرکٹ پرامید ہیں کہ ہوم گراؤنڈ پر ٹیم انہیں مایوس نہیں کرے گی۔