Sunday, May 12, 2024

شاہینوں نے لنکن ٹائیگرز کو دبوچ لیا، ون ڈے سیریز کا فاتحانہ آغاز

شاہینوں نے لنکن ٹائیگرز کو دبوچ لیا، ون ڈے سیریز کا فاتحانہ آغاز
October 1, 2019
کراچی (92 نیوز) شاہینوں نے لنکن ٹائیگرز کو دبوچ لیا، سیریز کا فاتحانہ آغاز، قومی ٹیم نے کراچی میں دوسرے ون ڈے میں سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان نے بابر اعظم کی سنچری کی بدولت 305 رنز بنائے، مہمان ٹیم 239 رنز پر آل آئوٹ ہوگئی، عثمان شنواری نے سری لنکا کے 5 کھلاڑی ٹھکانے لگائے، ادھر فلڈلائٹ کی خرابی پر کھیل بار بار تعطل کا شکار ہوتا رہا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے 306 رنز کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم نے 46.5 اوورز میں 238رنز پر ہتھیار ڈال دئیے۔ قومی پیسرز کی نپی تلی باﺅلنگ کی بدولت سری لنکن بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ ملا، مہمان سائیڈ کے 5 بلے باز محض 28 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ اوپننگ بلے باز گناتھلاکا 14، سمراوکراما 6، بوپ فرنینڈو 1، ویا فرنینڈو اور کپتان تھریما کھاتہ کھولے بغیر ہی رخصت ہوگئے۔ شاناکا اور جیسوریا نے سری لنکن اننگز کو سہارا دیا اور چھٹی وکٹ کیلئے شاندار شراکت قائم کی اور مجموعی سکور177رنز تک پہنچا دیا۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، جےسوریا نروس نائینٹیز کا شکار ہو کر 96 رنزجبکہ شاناکا 68 رنز پرآﺅٹ ہوئے۔ اوڈانا اورکماراایک ،ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔ ہسارانگا ڈی سلواآخری سری لنکن بلے باز تھے جو30رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے شاندار باﺅلنگ کرتے ہو ئے 5شکار کئے،شاداب خان نے 2،عمادوسیم ،محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر305رنز بنائے،73کے مجموعی اسکور پر اوپنرامام الحق 31رنز بناکر آئوٹ ہوئے، ٹیم کا سکور104رنز پر پہنچا تو فخر زمان بھی 54رنز بناکر چلتے بنے۔ بابر اعظم اور حارث سہیل نے ٹیم کا سکور 215 پر پہنچا دیا، حارث سہیل 40 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔ پاکستان کو چوتھا نقصان242رنز پر اٹھانا پڑا جب کپتان سرفرازاحمد 8 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔ بابر اعظم 115 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ عماد وسیم 12 رنز بناسکے۔ افتخار احمد نے صرف 20 گیندوں پر 32 رنز کی دھواں دار ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 305 رنز تک پہنچایا۔ سری لنکا کی جانب سے ہرسنگا ڈی سلوا نے 2، لہروکمارا اور اسرواوڈانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہوگئی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل 2اکتوبر کو کھیلا جائیگا ۔