Wednesday, April 24, 2024

شاہینوں نے دلچسپ مقابلے کے بعد ڈھاکا ٹیسٹ جیت لیا

شاہینوں نے دلچسپ مقابلے کے بعد ڈھاکا ٹیسٹ جیت لیا
December 8, 2021 ویب ڈیسک

ڈھاکا (92 نیوز) پاکستان کا بنگلا دیش کےخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی کلین سویپ ہو گیا۔ شاہینوں نے دلچسپ مقابلے کے بعد ڈھاکا ٹیسٹ جیت لیا۔

آخری روز پاکستانی باؤلرز چھائے رہے اور ایک دن میں 13 وکٹیں اڑا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ پاکستانی ٹیم ٹیسٹ میچ کے آخری روز 13 وکٹیں اڑانے نے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

بنگلا دیش نے 7 وکٹوں پر 76 رنز سے پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو میزبان ٹیم 87 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ساجد خان نے پہلی اننگز میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔

13 رنز کے خسارے سے  بنگلا دیش نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ٹاپ آرڈر ایک بار پھر لڑ کھڑا گیا  اور  98 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ مشفق  الرحیم نے 48 اور لٹن داس   45 رنز بنائے۔

شکیب الحسن   نے ٹیم کو شکست سے بچانے کی بھر پور کوشش کی اور ایک اینڈ پر ڈٹے رہے۔ کھیل کے آخری لمحات میں کپتان بابر اعظم باؤلنگ کے لیے آئے  اور  مہدی حسن کی وکٹ اڑا کر پاکستانی ٹیم  کی جیت  کی امیدیں بحال رکھیں۔ بابر اعظم نے ٹیسٹ کیرئیر میں پہلی وکٹ حاصل کی۔  

مہدی حسن  کے آؤٹ ہونے  کے بعد  شکیب الحسن بھی 63 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور بنگلا دیش کی پوری ٹیم  دوسری اننگز میں 205 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان نے پہلی اننگز   300 رنز 4 کٹوں پر ڈکلیئر کی تھی۔ ساجد خان نے میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ عابد علی سیریز کے  بہترین کھلاڑی قرار پائے۔