Sunday, September 8, 2024

شاہین کیویز سے شکست کے بعد پھر چھٹی پوزیشن پر لڑھک گئے

شاہین کیویز سے شکست کے بعد پھر چھٹی پوزیشن پر لڑھک گئے
January 17, 2016
ہملٹن(سپورٹس ڈیسک)شاہینوں کو کیویز سے شکست مہنگی پڑ گئی۔ ایک دن پانچویں پوزیشن پر رہنےکے بعد چھٹی پوزیشن پر چلے گئے کیویز کو پہلا ٹی ٹوینٹی ہرانے کے بعد پاکستان نے کلین سویپ اور ٹی ٹوینٹی میں پہلی پوزیشن  کے خواب دیکھنا شروع کر دیئے تھے تاہم دوسرے ٹی ٹوینٹی میں شکست نے یہ خواب چکنا چور کر دیئے۔ تفصیلات کےمطابق پہلا میچ جیتنے کے بعد پاکستان کی پوزیشن میں بہتری آئی تھی اور قومی ٹیم پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئی تھی لیکن صرف ایک روز اس پوزیشن کا مزا چکھنے کے بعد دوبارہ پرانی پوزیشن پر واپس آنا پڑا۔ اگر پاکستان نے سیریز کا تیسرا  میچ جیت لیا تو دوبارہ پانچویں پوزیشن حاصل کر لے گا لیکن دوسری صورت میں اسے ساتویں پوزیشن پر جانا پڑے گا جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچویں پوزیشن پر آ جائے گی۔ آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز کی بھی نئی  رینکنگ  جاری کی ہے جس کے مطابق باؤلرز میں انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ  نے پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے جبکہ پاکستان کے یاسرشاہ  کی چوتھی پوزیشن برقرار ہے۔ بلے بازوں کی درجہ بندی میں  آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ بدستور پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ بیٹسمینوں میں دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے یونس خان چھٹی اور مصباح الحق نویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔