Thursday, April 25, 2024

شاہین 2018 کے پہلے ہی امتحان میں شکست کھا گئے

شاہین 2018 کے پہلے ہی امتحان میں شکست کھا گئے
January 6, 2018

ویلنگٹن ( 92 نیوز ) شاہین 2018 کے پہلے امتحان میں شکست کھا گئے ۔  نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 61 رنز سے کامیابی سمیٹ لی ۔ 316 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم  نے 6 وکٹوں پر 166 رنز بنائے ۔ کین ولیمسن کا ڈراپ کیچ گرین شرٹس کو لے ڈوبا ۔

شاہین کیویز کے  دیس پہنچتے ہی اڑان بھرنا بھول گئے ۔ قومی بلے بازوں کو ولنگٹن کی پچ راس نہ آئی  ۔ بیٹسمین آتے رہے  اور منہ دکھا کر جاتے رہے ۔

نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 61 رنز سے  شکست دے دی  ۔ کیویز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر315 رنز جوڑے ۔

مارٹن گپٹل نے 48،کولن منرو نے نصف سنچری اسکور کی ۔ کپتان کین ولیمسن نےمحتاط انداز اپنایا  ۔ اسٹار بلے باز  نے 115 رنز بنائے جس  میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ۔

روز ٹیلر 12، ٹام لاٹھم 3 ، ہنری نکولس50،مچل سانٹنر 7 رنز پر آؤٹ ہوئے  ۔ حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا  ۔

ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن آغاز میں ہی لڑکھڑا گئی  ۔ اوپنراظہر علی صرف  6 رنز پر پویلین لوٹ گئے  ۔ نوجوان بلے باز بابر اعظم کا بلا بھی نہ چلا وہ کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے ۔

محمد حفیظ کا تجربہ بھی کسی کام نہ آیااور وہ ایک جبکہ آل راؤنڈ ر شعیب ملک 13 رنز پر میدان بدر ہوئے  ۔

کپتان سرفراز احمد بھی دھوکا دے گئے اور 8 رنز پر چلتے بنے ۔

فخرزمان 82، فہیم اشرف 17 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے  ۔ بارش کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔

کین ولیم سن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔