Tuesday, May 21, 2024

شاہی خاندان کا حصہ بننے کے بعد خاموش کرا دیا گیا تھا، میگھن مارکل

شاہی خاندان کا حصہ بننے کے بعد خاموش کرا دیا گیا تھا، میگھن مارکل
March 8, 2021

لندن (92 نیوز) برطانوی شاہی خاندان کی بہومیگھن مارکل نے اوپرا ونفرے کو تہلکہ خیز انٹرویو دیتے ہوئے شاہی خاندان کے راز افشا کر دیئے اور کہا کہ انہیں شاہی خاندان کا حصہ بننے کے بعد خاموش کروا دیا گیا تھا۔

برطانوی شاہی خاندان سے الگ ہونے کے بعدشہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل نے خاموشی توڑدی، شاہی خاندان کے قوائد وضوابط اور ملکہ برطانیہ پر کھل کر تنقید کی۔

اوپرا ونفرے کو انٹرویو دیتے ہوئے میگھن مارکل نے کہا یہ غلط ہے کہ شہزادی کیٹ میری وجہ سےغمزدہ ہوئی، درحقیقت میں نشانہ بنی، شہزادی کیٹ نے غلطی تسلیم کی ،معافی مانگی اور مجھے پھول بھی پیش کئے۔

اپنی شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ ان کی اور ہیری کی شادی باضابطہ تقریب سے تین دن پہلے ہوچکی تھی۔ انہیں شاہی خاندان کی جانب سے تحفظ نہیں ملا، شاہی خاندان کو یہاں تک تحفظات تھے کہ شادی کے بعد ہمارے بچے کی رنگت کتنی کالی ہو گی۔

میگھن مارکل نے بتایا کہ میں اتنی دلبرداشتہ ہوچکی تھی کہ مزید زندہ نہیں رہنا چاہتی تھی، کیونکہ میری بہت زیادہ کردار کشی کی گئی، شاہی خاندان سے متعلق تصور اور حقیقت میں بہت فرق ہے۔ ملکہ برطانیہ سے پہلی ملاقات رسمی نہیں تھی، شاہی خاندان نے مشکل وقت میں میری مدد نہیں کی۔

لیڈی ڈیانا کے حوالے سے انہوں نے انکشاف کیا کہ شہزادہ ہیری نے انہیں کہا تھا کہ شاہی محل کے ساتھ اختلافات کی بنا پر اپنی ماں شہزادی ڈیانا کی تکلیف کا سوچ کر ان کا دل تڑپتا ہے کیونکہ ڈیانا اس تمام صورتحال میں تنہا تھیں۔