Monday, May 6, 2024

شاہد خاقان ، مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کے ریمانڈ میں 19 نومبر تک توسیع

شاہد خاقان ، مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کے ریمانڈ میں 19 نومبر تک توسیع
October 29, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ایل این جی کیس میں احتساب عدالت اسلام آباد نے شاہد خاقان عباسی ، مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کے ریمانڈ میں  19 نومبر تک توسیع کر دی۔ ایل این جی کیس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو جیل سے احتساب عدالت اسلام آباد پیش کیا گیا  ، جہاں عدالت نے ان کے ریمانڈ میں  19 نومبر تک توسیع کر دی ۔ شاہد خاقان عباسی نے بھی مرضی سے علاج کرانے کی درخواست دائر کی ، موقف اپنایا کہ اپنے خرچ پر  مرضی کے اسپتال  سے علاج کی اجازت دی جائے ، پنجاب حکومت کسی چیز کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں  ، شاہد خاقان عباسی کی جانب سے بیٹر کلاس کی درخواست واپس لینے  کا کہا گیا تو جج صاحب نے استفسار کیا کہ کیوں مزہ نہیں آرہا  ۔ ملزم نے عدالتی کارروائی ٹی وی پر چلانے کی استدعا کی تو جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ ایسی کوئی مثال موجود نہیں ۔ شاہد خاقان عباسی نے کیس کی تیاری کیلئے لیپ ٹاپ کی سہولت دینے کی استدعا کی تو نیب پراسیکیوٹر نے مخالفت کر دی ۔ نیب تفتیشی افسر نے کیس میں جلد ریفرنس دائر کرنے کی یقین دہانی کرائی ، عدالت نے کیس میں گرفتار تینوں ملزموں کو اتوار کو ملنے کی اجازت دے دی ، وکلاء کی ملاقات کیلئے بھی جیل حکام کو ایک دن مقرر کرنے کا حکم  دیا گیا۔ عدالت نے شاہد خاقان عباسی کی میڈیکل رپورٹ  طلب  کرتے ہوئے  تینوں ملزموں کو  19 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔