Tuesday, April 23, 2024

شاہد خاقان عباسی کے ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

شاہد خاقان عباسی کے ریمانڈ میں  14 روز کی توسیع
September 12, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ایل این جی اسکینڈل میں شاہد خاقان عباسی  کے ریمانڈ میں  14روز کی توسیع کر دی گئی ۔ ایل این جی اسکینڈل میں نیب نے  شاہد خاقان کو  جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے  ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی ۔ جج محمد بشی رنے ریمارکس دیے کہ شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل  کا آخری بار جسمانی ریمانڈ دے رہا ہوں ۔ عدالت نے  جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی جب کہ مفتاح اسماعیل اور عمران الحق شیخ کے جسمانی ریمانڈ میں بھی توسیع  کر دی گئی ۔ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا چیئرمین نیب کی تقرری کےلیے قوم سے معافی مانگتا ہوں، نام پیپلزپارٹی کی طرف سےآیا تھا،اتفاق رائے سے تقرری کا فیصلہ کیا۔

ستمبر کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمت میں کمی کر دی گئی

انہوں نے کہا کہ یہ کیسا ادارہ ہے کہ پہلے سابق وزیراعظم کوگرفتارکرکے  پھر کیس بناتے ہیں ، مجھ پر وزارت خارجہ کی گاڑی استعمال کرنے کا الزم ہے، ملک کا وزیراعظم تھا، بتا دیتے تو آفس پہنچنے کیلئے تانگہ یا آن لائن ٹیکسی کرا لیتا، یہ فیصلہ ہونا چاہیے کہ ملک کابینہ نے چلانا ہے یا نیب نے، ایک سال سے نیب تفتیش کررہا ہے، لیکن کیس سمجھ نہیں آیا، نیب کا ادارہ ہی غلط ہے،یہ ن لیگ کو توڑنے کے لیے بنایا گیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمنٹ ایک ربر اسٹیمپ بھی نہیں رہی ہے ،  انہوں نے اسپیکر اسد قیصر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ تھانیدار بنے ہوئے ہیں ، اسپیکر کا کام ممبران کے حقوق کا تحفظ ہے، انہیں چاہیے کہ وہ غیر جانبدار ہو کر پروڈیکشن آرڈر جاری کریں۔ اس موقع پر لیگی رہنما مریم اورنگزیب ،خواجہ آصف اورمیاں جاوید لطیف نے عدالت میں شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی  ۔ ادھر شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر قومی اسمبلی  اسد قیصر کے نام خط  لکھا جس میں کہا گیا کہ ارکان کے پرودکشن آرڈرز جاری کرنے کی ضرورت ہے ۔ شاہد خاقان عباسی نے خط میں لکھا کہ جو  ارکان اسمبلی جیل یا حراست میں ہیں  تمام کی ایوان میں حاضری لازمی بنانا اسپیکر کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔