Friday, April 26, 2024

شاہد خاقان عباسی کے بیٹے کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام

شاہد خاقان عباسی کے بیٹے کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام
September 12, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے بیٹے کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام بنا دی گئی ، عبداللہ خاقان عباسی کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے روک دیا گیا، نیب نے ایل این جی کے ضمنی ریفرنس میں عبداللہ خاقان کو ملزم نامزد کررکھا ہے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے بیٹے کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے روک دیا گیا ، عبداللہ خاقان عباسی کو ایف آئی اے امیگریشن نے آف لوڈ کیا ، وہ پرواز ای کے 613 سے دبئی جارہے تھے کہ دوران امیگریشن ان کا نام نیب کی اسٹاپ لسٹ میں پایا گیا۔

نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر ایل این جی ضمنی ریفرنس میں نامزد 5 ملزمان میں عبداللہ خاقان عباسی بھی شامل ہیں ، جنہیں عدالت نے 22 ستمبر کو طلب کر رکھا ہے۔

نیب نے ضمنی ریفرنس میں موقف اپنایا ہے کہ شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ملزمان نے ایل این جی کا غیر قانونی ٹھیکہ دے کر عوامی عہدے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

نیب کے مطابق ملزمان نے نجی کمپنی کو ایل این جی ٹھیکہ دے کر 14 ارب روپے کا نقصان پہنچایا، جب کہ اس کیس میں قومی خزانے کو مجموعی طور پر 21 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا، جو کہ آئندہ دس سال میں بڑھ کر 47 ارب روپے ہو جائے گا۔

نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان نے کرپشن اور منی لانڈرنگ بھی کی۔