Friday, April 26, 2024

شاہد خاقان ،احسن اقبال کی ضمانت کی درخواستوں پر نیب کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت

شاہد خاقان ،احسن اقبال کی ضمانت کی درخواستوں پر نیب کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت
February 10, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے لیگی رہنماوں شاہد خاقان عباسی   اور احسن اقبال کی ضمانت کی درخواستوں پر نیب کو جواب جمع کرانے کیلئے 13 فروری تک کی آخری مہلت دے دی ، راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کی تزئین و آرائش میں مبینہ کرپشن پر احسن اقبال کے بھائی مصطفی کمال کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 19 فروری تک توسیع کر دی گئی ۔ نارووال اسپورٹس سٹی میں مبینہ کرپشن پر گرفتار احسن اقبال اور ایل این جی ریفرنس میں زیر حراست سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی  ،  نیب کی جانب سے دونوں مقدمات میں جواب جمع نہ کرایا جاسکا۔ سابق وزیراعظم کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ خان نے دلائل دئیے کہ نہ کوئی جرم کیا، نہ ہی جرم میں کسی کی معاونت کی لیکن انکے موکل کو حراست میں 201 دن ہو گئے ہیں ، نیب میرے موکل کے خلاف بادی النظر میں کوئی بھی کیس بنانے میں ناکام رہا ابھی تک ریفرنس کاپی تک نہیں ملی  ، ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کرنے کی استدعا کردی ۔ نیب نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت مانگی تو عدالت نے منظور کرلی  اور 13 فروری تک کا وقت دیتے ہوئے دونوں مقدمات کی سماعت ملتوی کردی ۔ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کی تزئین و آرائش میں مبینہ کرپشن کے الزام میں  لیگی رہنما احسن اقبال کے بھائی مصطفیٰ کمال کی درخواست پر سماعت کے دوران  نیب پراسیکیوٹر نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کو قبل از وقت قرار دے دیا  ، موقف اپنایا کہ اس کیس میں ملزم کے وارنٹ ہی جاری نہیں ہوئے ، درخواستگزار کے وکیل طارق محمود جہانگیری ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے کہ یہ یہاں یہ بیان دے رہے ہیں، بعد میں چیئرمین نیب وارنٹ گرفتاری جاری کر دیتے  جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ تفتیشی ایجنسی کے پاس گرفتاری کا اختیار ہے اگر چیئرمین نیب وارنٹ گرفتاری کا اختیار غلط استعمال کریں توزیر حراست ملزم ہرجانے کا دعوی کر سکتا ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 19 فروری تک ملتوی کردی۔