Thursday, April 25, 2024

شاہد خاقان عباسی کا پارلیمنٹ کو آئین کے مطابق چلانے کا مطالبہ

شاہد خاقان عباسی کا پارلیمنٹ کو آئین کے مطابق چلانے کا مطالبہ
June 19, 2021

لاہور/ اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنماء شاہد خاقان عباسی نے پارلیمنٹ کو آئین کے مطابق چلانے کا مطالبہ کردیا۔

لیگی رہنماء نے مولانا عبدالغفور حیدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں چاہتی ہیں ملک آئین کے مطابق چلے۔

انہوں نے کہا، جو احتجاج اس مرتبہ اپوزیشن نے کیا اس سے کم شدت کا احتجاج آج تک نہیں ہوا۔

عبدالغفور حیدری بولے، حکومت پارلیمنٹ کے اندر حالات سازگاربنانےکے بجائے خراب کردیتی ہے۔

ادھر ترجمان وزیراعظم، معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے  شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل میں کہا، خاقان عباسی کی من پسند جمہوریت شریفوں کی لوٹ مار کی حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے جعلی علمبرداروں کو رٹے رٹائے بیانات کے بجائے اپنی کرپشن کا حساب دینا چاہیے۔ بھگوڑوں چوروں اور کرپٹ کے نزدیک جمہوریت صرف ان کے اقتدار میں رہنے کا نام ہے۔

ڈاکٹر شہباز گِل بولے کہ، خاقان عباسی کھبی ہمت کرکے بتائیں کہ 70 سالہ نئے نظریاتی نواز شریف واپس کب آئیں گے؟۔ انہوں نے کہا کہ، سیاسی اتحاد کے نام پر ملکر لوٹنے والے آج وہی لوٹ مار بچانے کیلئے اکھٹے ہیں۔

معاون خصوصی نے مزید کہا، عوام دوست بجٹ کے بعد چور لٹیروں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، شاہد خاقان جیسے نااہل درباریوں کو اپنی سیاسی بقا کی فکر لاحق ہے۔