Thursday, April 25, 2024

شاہد خاقان عباسی کا میاں جاوید لطیف کو معذرت کا مشورہ

شاہد خاقان عباسی کا میاں جاوید لطیف کو معذرت کا مشورہ
March 20, 2021

لاہور (92 نیوز) رہنماء ن لیگ شاہد خاقان عباسی نے میاں جاوید لطیف کو معذرت کا مشورہ دے دیا۔ کہا کہ جاوید لطیف نے جذبات میں جو بات کردی ہے اِنہیں اس پر معذرت کرنی چاہیے۔

ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کی حقیقت ایک بار پھر عیاں ہوئی ہے، مریم نواز کی ضمانت کینسل کرانے کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دی گئی۔ کوشش کی جارہی ہے اِنہیں عدالتوں اور نیب کی انویسٹی گیشن میں ہراساں کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جو حکومت خود الیکشن چوری کرتی ہو وہ کونسی الیکٹورل ریفارمز چاہتی ہے، جوالیکشن چوری کرتا اور پریذائیڈنگ افسر اٹھاتا ہے اسے جواب دینا ہوگا۔ جہاں پارلیمان نہیں چل سکتا وہاں اسکی کمیٹیاں بھی نہیں چل سکتیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں کراچی میں مفتاح اسماعیل کو سپورٹ کریں گی۔ پی ڈی ایم کبھی تتر بتر اور ناکام نہیں ہوسکتی، پورا پاکستان کہہ رہا ہے ملک کو آئین کے مطابق چلائیں۔پی ڈی ایم ایک مقصد کیلئے کہ ملک میں نظام آئین کے مطابق چلے، آصف زرداری ملک کے معاملات کو آئین کے مطابق چلانے میں کامیاب ہوتے ہیں تو سب ان کے ساتھ ہیں۔

ن لیگی رہنماء مزید بولے کہ عثمان بزدارکیخلاف تحریک عدم اعتماد کی ضرورت نہیں وہ خود تحریک عدم اعتماد ہے۔