Friday, May 17, 2024

شاہد خاقان پی ڈی ایم کے سیکرٹری جنرل، پرویز اشرف سینئر نائب صدر مقرر

شاہد خاقان پی ڈی ایم کے سیکرٹری جنرل، پرویز اشرف سینئر نائب صدر مقرر
October 5, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) پی ڈی ایم کے سیکرٹری جنرل اور سینئر نائب صدر کا فیصلہ بھی ہو گیا، شاہد خاقان عباسی پی ڈی ایم کے سیکرٹری جنرل اور راجہ پرویز اشرف سینئر نائب صدر بن گئے ، پی ڈی ایم 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ بھی کرے گی ۔

پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کے بعد احسن اقبال نے میڈیا کو فیصلوں سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ اتفاق رائے سے پی ڈی ایم کے سینئر نائب صدر راجا پرویز اشرف جبکہ سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی ہونگے ،سیکرٹری اطلاعات میاں افتخار ہونگے ۔ انہوں نے ملک بھر  میں  جلوسوں کے شیڈول کا اعلان  کرتے ہوئے کہا کہ 13 دسمبر کو سب سے بڑا جلسہ لاہور میں ہوگا اس جلسہ کے بعد جعلی سیٹ اپ کی گنجائش مکمل ختم کی جائے گی اور عوام فیصلہ سنادیں گے ۔

 پی ڈی ایم کے نو منتخب سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شفاف انتخابات سے متعلق ہم نے میکنزم تیار کرلیا ہے جلسوں میں اعلان کریں گے یہ اتحاد سیاسی بھی ہے اور انتخابی بھی ہوگا۔۔پی ڈی ایم کا مقصد عوام کو ان حکمرانوں سے چھٹکارا دلوانا ہے ۔

سینئر نائب صدر پی ڈی ایم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پی ڈی ایم کا بنیادی مقصد پاکستانی عوام کی ترجمانی کرنا ہے آج پاکستانی عوام بے روزگاری اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں آج ملک میں ہر شخص پریشانی میں مبتلا ہیں آج زبان پر پابندی ہے، قلم پر پابندی ہے، میڈیا ہاؤسز سے کئی لوگ بے روزگار ہوگیے ہیں، صعنتیں تباہ ہیں، کیا یہ جمہوریت ہے۔

سیکرٹری اطلاعات پی ڈی ایم میاں افتخار نے کہا کہ تمام قوتوں سے کہتا ہوں  ہماری آواز سنیں اور اپوزیشن کو دیوار سے مت لگائیں، آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر  کے خلاف  بھی مقدمہ قائم کرکے کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈی ایم کے سربراہ کی مدت کا تعین کرنے کے لیے اعلی قیادت فیصلہ کرئے گی۔