Friday, April 26, 2024

شاہد خاقان عباسی ، فواد چودھری کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

شاہد خاقان عباسی ، فواد چودھری کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی
July 5, 2018
لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اور تحریک انصاف کے امیدوار فوادچودھری کی تاحیات نااہلی کا ایپلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قراردیتے ہوئےانہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے این اے ستاون سے مسلم لیگ ن کے امیدوار شاہد خاقان عباسی اوراین اے سڑسٹھ سے پی ٹی آئی کے امیدوار فوادچودھری کی  نااہلی  کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ سابق وزیراعظم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہدخاقان عباسی نے ہائیکورٹ میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات  کاغذات نامزدگی کے برعکس جمع کرائیں۔ پی ٹی آئی کے امیدوارفواد چودھری کے وکیل کا مؤقف تھا کہ ایپلٹ ٹربیونل نے حقائق کے برعکس کاغذات  نامزدگی مسترد کئے۔ میڈیا سے بات چیت میں شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ دعا ہے پاکستان میں شفاف الیکشن ہوں اور متنازع نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے  کہا اب شیر ہی دھاڑے گا، نوازشریف الیکشن سے پہلے ہی واپس آجائیں گے۔ ادھر فواد چودھری نے الیکشن تک سیاستدانوں کی گرفتاریاں مؤخرکرنے کے نیب کے فیصلے کو دہرا معیار قرار دیا۔ فواد چودھری یہ بھی بولے احتساب عدالت کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر نہیں کرنا چاہئے۔ ایپلٹ ٹربیونل نے شاہدخاقان عباسی اور فواد چودھری کو الیکشن کے لئے تاحیات نااہل قراردیاتھا۔ فیصلے کے خلاف دونوں امیدواروں نے لاہور ہائیکورٹ  سے رجوع کر رکھا تھا۔