Friday, April 26, 2024

شاہد خاقان عباسی ، فواد چودھری آرٹیکل 63-62 کی زد میں آگئے

شاہد خاقان عباسی ، فواد چودھری آرٹیکل 63-62 کی زد میں آگئے
June 27, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چودھری سمیت الیکشن لڑنے کے خواہش مند کئی امیدوار  آرٹیکل 63-62 کی زد میں آگئے ،  الیکشن ٹربیونل نے متعدد امیدواروں کو الیکشن  لڑنے کیلئے نا اہل قرار دے دیا ۔ شاہد خاقان عباسی این اے57روالپنڈی سے نا اہل قرار دے دیئے گئے ، الیکشن ٹربیونل کے جج عبادالرحماں لودھی نے 8صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ، الیکشن ٹربیونل کے حکم  میں لکھا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے ایف سیون ٹو کے مکان کی مالیت تین لاکھ ظاہر کر کے اڑھائی کروڑ کا قرض لیا، الیکشن ٹربیونل کے فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کا ذکر  کیا گیا ہے ۔ فوادچودھری کوان کے آبائی حلقے این اے67جہلم سے نااہل قرار دیا گیا ۔ فواد چودھری الیکشن ٹربیونل کے فیصلے پر سیخ پا ہوگئے اور کہا کہ  وہ فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ تک جائیں گے، جبکہ فیصلہ دینے والے جج کو بھی گھر تک پہنچائیں گے ۔ این اے64چوآسیدن سے سردار غلام عباس، این اے 61 سے دوہری شہریت رکھنے والے بلال اظہر کیانی، پی پی 23 چکوال سے پی ٹی آئی کے آفتاب اکبر خان اور ملتان کے حلقہ این اے 189 اور پی پی 285 سے میر بادشاہ خان قیصرانی کو بھی نااہل قرار دے دیا گیا ۔ این اے 81 گوجرانوالہ سے تحریک لبیک یارسول اللہﷺ کے ڈاکٹر اشرف آصف جلالی ، این اے 113ٹوبہ ٹیک سنگھ سے حیدرعلی خاں کھرل اور پی پی 117فیصل آباد سے عمران شیر علی کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت نہ مل سکی ۔ ادھر کوئٹہ سے تحریک انصاف کے صوبائی صدرسردار یار محمد نے اپلیٹ ٹریبونل کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ۔ دوسری طرف کراچی کے حلقہ این اے 243سے خواجہ اظہارالحسن،  این اے 61راولپنڈی سے عامرکیانی، این اے 146عارف والا سے رانا زاہد حسین، جبکہ بلوچستان میں مخصوص اقلیتی نشست پر رمیش لال راجپوت کو الیکشن لڑنے کی جازت مل گئی ۔ حافظ آباد سے سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ، پی پی 124 جھنگ سے ن لیگ کے غلام احمد گادی، پی پی 107سےلیگی امیدوار چودھری  زاہد محمود اور پی پی 109 فیصل آبادسے لیگی امیدوار ندیم آفتاب سندھو کے کاغذات نامزدگی منظورکر لئے گئے۔