Friday, April 19, 2024

شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کیخلاف نیب نے ایک اور کیس کھول دیا

شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کیخلاف نیب نے ایک اور کیس کھول دیا
April 2, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی  کیخلاف نیب نے نیا کیس کھول دیا،  شاہد خاقان عباسی کو بلٹ پروف گاڑیوں کے کیس میں نیا سمن جاری کردیا گیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  مسلسل نیب کے ریڈار پر ہیں، سابق وزیراعظم آج ایل این جی کیس میں قومی احتساب بیورو کی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تو نیب آفس نے ایک اور کیس کا سمن تھما دیا۔

شاہد خاقان کو بلٹ پروف گاڑیوں کے کیس میں نیا سمن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق  سارک کانفرنس کے لیے خریدی گئی  بلٹ پروف گاڑیاں ذاتی استعمال میں لائی گئیں ، یہ بلٹ پروف گاڑیاں نواز شریف اور مریم نواز کے زیر استعمال بھی رہیں۔

نیب کے مطابق سارک کانفرنس 2016 کے دوران مہمانوں کیلئے جرمنی سے بغیر ڈیوٹی 34 بلٹ پروف گاڑیاں خریدی گئیں جن میں سے 20 بلٹ پروف گاڑیاں نواز شریف کے زیر استعمال رہیں۔

ایل این جی اسکینڈل میں شاہد خاقان عباسی نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو بیان ریکارڈ کروایا ،وزارت پٹرولیم سے ملنے والی دستاویزات بھی فراہم کردیں۔

شاہد خاقان عباسی نے یقین دہانی کرائی کہ  باقی دستاویزات بھی ملتے ہی فراہم کردوں گا ، نیب نے شاہد خاقان عباسی کی مزید دستاویزات کی فراہمی کیلئے مہلت دینے کی استدعا منظور کرلی ۔