Sunday, September 8, 2024

شاہد آفریدی ورلڈ کپ کے بعد بطور کھلاڑی کرکٹ کھیل سکتے ہیں : شہریار

شاہد آفریدی ورلڈ کپ کے بعد بطور کھلاڑی کرکٹ کھیل سکتے ہیں : شہریار
March 21, 2016
لاہور (92نیوز) چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرنے کے ایک روز بعد اطمینان کا اظہار کر دیا۔ ان کا کہنا ہے ہار جیت کھیل کا حصہ ہے‘ ٹیم اگلے میچوں میں اچھا کھیلے گی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت سے شکست کے بعد پوری قوم کی طرح کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان بھی مایوسی کا شکار ہوئے۔ اتوار کو برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے گرین شرٹس کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا تھا لیکن پیر کو وطن واپسی پر ان کی مایوسی ختم ہو گئی اور ٹیم کی کارکردگی بھی اطمینان بخش لگنے لگی۔ لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ٹیم اگلے میچوں میں اچھا کھیل پیش کرے گی۔ شہریار خان نے کہا کہ کھلاڑیوں میں کھیلنے کا بہت جذبہ ہے۔ دعا ہے اگلے میچوں میں ہمیں کامیابی ملے۔ انہوں نے ٹیم میں گروہ بندی کی خبروں کو مسترد کر دیا۔ شاہد آفریدی سے متعلق شہر یار خان نے کہا کہ انہوں نے خود ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہونے کا کہا تھا تاہم کھلاڑی کے طور پر وہ کھیل جاری رکھ سکیں گے۔