Thursday, April 18, 2024

شاہ پور کانجراں منڈی میں بکرے اور بیل پہنچادیے گئے ‏

شاہ پور کانجراں منڈی میں بکرے اور بیل پہنچادیے گئے ‏
July 27, 2019
لاہور ( 92 نیوز) عید الاضحی آنے میں قریب 15 روز رہ گئے ، عوام نے بھی قربانی کی تیاریاں پکڑ لیں  جس کے پیش نظر  شاہ پور کانجراں منڈی لاہور میں بکرے اور بیل پہنچا دیے گئے ، خریداروں کو جانور تو پسند آتے ہیں مگر قیمتیں سن کر چپ سادھ لیتے ہیں، منڈیوں میں بارش کاپانی ہونے کی وجہ سے بھی شہریوں کومشکلات کاسامناہے۔ حکومتی اعلان کے مطابق شہر کے سات مقامات پر سرکاری مویشی منڈیاں تو یکم اگست کو سجیں گی تاہم شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں ابھی سے رونقیں بڑھنے لگی ہیں۔ شہری منڈی کا رخ تو کر رہے ہیں تاہم جانوروں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں سے پریشان ہیں  دوسری جانب  بیوپاری اخراجات پورے نہ ہونے کا رونا روتے نظر آتے ہیں۔ بارش کے سبب منڈی میں پانی کھڑا ہونے کہ وجہ سے لوگوں اور بیوپاریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانی نکالنے کے انتظامات کر رہے ہیں۔