Monday, September 16, 2024

شاہ محمود کی اعتزاز احسن اور خورشید شاہ سے ملاقات، پانامہ لیکس کے معاملے پر مشترکہ حکمت عملی پر غور

شاہ محمود کی اعتزاز احسن اور خورشید شاہ سے ملاقات، پانامہ لیکس کے معاملے پر مشترکہ حکمت عملی پر غور
April 12, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) اعتزاز احسن اور خورشید شاہ سے شاہ محمود نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ پانامہ لیکس کے معاملے پر مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ مے فئیر فلیٹس کے حوالے سے چوہدری نثار کے بیان نے نوازشریف کو پھنسا کر رکھ دیا ہے۔ اگر پیپلزپارٹی نے نوازشریف کی مدد کی تو خود بھی پھنس جائے گی۔ شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اعتزاز احسن، خورشید شاہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ  شاہ محمود قریشی کی آمد نے بہت اچھا ماحول پید اکیا ہے۔ دونوں طرف سے محبت اور گرمجوشی سے ملاقات ہوئی ہے، ان کی جماعت نے ہمیں اعتماد میں بھی لیا ہے، ہم بھی اپنی پارٹی کو اعتماد میں لیں گے۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ آپس میں تعاون کے بہتر امکانات نظر آتے ہیں تاہم ابھی کوئی یقین دہانی نہیں کروا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مے فئیر فلیٹس کے حوالے سے چوہدری نثار کے بیان نے نوازشریف کو پھنسا کر رکھ دیا ہے۔ اگر پیپلزپارٹی نے  نوازشریف کی مدد کی تو وہ خود پھنس جائے گی۔ شریف خاندان میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ولی عہد کا چنائو ہے، اس بات پر جھگڑا ہے کہ مریم نواز ولی عہد بنے گی یا حمزہ شہباز بنیں گے۔ اس موقع پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کا تحقیقات کرانے پر مکمل اتفاق ہے۔ ماضی کے باب کو بند کر کے آگے بڑھنا چایئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اہم بین الاقوامی ایشو کو اٹھایا ہے۔ وزیراعظم کو جذباتی ہونے کی ضروت نہیں، وزیراعظم  کے لئے بھی بہتر ہے کہ وہ آڈٹ ہونے دیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔