Friday, March 29, 2024

شاہ محمود قریشی کی کیپٹن جنیدعرفان عباسی شہید کے گھر آمد، شہید کے اہلخانہ سے ملاقات

شاہ محمود قریشی کی کیپٹن جنیدعرفان عباسی شہید کے گھر آمد، شہید کے اہلخانہ سے ملاقات
September 6, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی راولپنڈی میں کیپٹن جنید عرفان عباسی شہید کے گھر آمد ہوئی۔ وزیر خارجہ نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی ۔ شہید کے بلند درجات کیلئے دعا بھی کی۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا ہماری تاریخ شہدا کے پاک خون سے رنگین ہے۔ پوری قوم کو اپنے شہیدوں اور غازیوں پر فخر ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی راولپنڈی میں لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید کے گھر آمد ہوئی۔ انہوں نے شہید ارسلان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ فردوس عاشق اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہدا کے خاندانوں کی قربانیوں پر فخر ہے۔ آج پوری قوم غازیوں اور شہیدوں کو خراج تحسین کر رہی ہے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف لاہور میں شہید لانس نائیک تیمور اسلم کے گھر گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ لیگی صدر نے تیمور اسلم کی ننھی بیٹی کے سر پر دست شفقت رکھا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی میں پاک فضایہ کے فلائنگ آفیسر شہید راشد منہاس کے گھر پہنچے۔ شہید کے بھائی انجم منہاس اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارا۔ مراد علی شاہ نے کہا شہید راشد منہاس کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ادھر پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی کراچی میں شہید میجر معیز کے گھر آمد ہوئی۔ حلیم عادل شیخ شہید میجر معیز کی قبر پر بھی گئے اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی شہدا کے گھروں میں عوامی نمائندوں  اور شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جنہوں نے  شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔ وطن کی خاطر جان دینے والوں کے بلند درجات کی دعائیں بھی کی گئیں۔