Friday, March 29, 2024

شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب سے ون آن ون ملاقات

شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب سے ون آن ون ملاقات
September 8, 2018
اسلام اباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب سے ون آن ون ملاقات ہوئی۔ چینی وزیرخار جہ وانگ ای پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے لئے دفتر خارجہ پہنچ گئے۔ چینی وزیرخار جہ وانگ ای کا استقبال پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سی پیک، معاشی تعاون، ثقافتی، تعلیمی اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دو طرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور اور افغان امن عمل پربھی بات چیت ہوئی۔ پاکستان میں نئی حکومت کے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ کسی بھی چینی اعلیٰ شخصیت کا پہلا دورہ پاکستان ہے اور اس دورے میں چینی وزیرخار جہ اپوزیشن جماعتوں کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سی پیک موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، سماجی اور معاشی ترقی کیلئے اہم ہے۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کا اسٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری مزید مستحکم کرنے کاعزم بھی سامنے آیا۔ چین نے پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے حمایت کا اظہار کیا۔ مذاکرات کے بعد پاک چین وزرائےخارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین سے تعلقات  خارجہ پالیسی میں اہمیت رکھتے ہیں، سی پیک کی حفاظت کیلئے پر عزم ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی وزیرخارجہ سے ہونے والی بات چیت بھی شیئر کی، ہمارے ایک دوسرے پر کوئی تحفظات نہیں۔ چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے وزیراعظم عمران خان کو نومبر میں دورہ چین کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے، پاکستان کیساتھ تذویراتی تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ وہ سکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے، ان کا دورہ نئی حکومت کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے میں مدد گار ثابت ہو گا۔ چین کے سٹیٹ قونصلر و وزیرخارجہ وانگ ژی گزشتہ روز تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں ، ان کے ہمراہ تین دوسرے وزرا بھی شامل ہیں۔