Saturday, May 11, 2024

شاہ محمود قریشی کی عادل الجبیر سے ملاقات ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

شاہ محمود قریشی کی عادل الجبیر سے ملاقات ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال
September 26, 2019
 نیو یارک (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود کی سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور خطے میں امن وامان کو درپیش خطرات پر  بات ہوئی۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چوہترویں سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اہم ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر محور رہا۔ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور کہا مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ مسلمان او آئی سی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ او آئی سی کو کشمیری مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل آواز بلند کرنا ہو گی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ  کیا۔ وزیر نے ارجنٹینا کے ہم منصب جارج فوری سے بھی ملاقات کی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں بارے آگاہ کیا اور کہا مسئلہ کشمیر وہ دیرینہ مسئلہ ہے جو گذشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے آیجنڈے پر موجود ہے۔ نہتے کشمیری کسمپرسی کے عالم میں عالمی برادری کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔  شاہ محمود قریشی ، عادل الجبیر ، ملاقات ، مقبوضہ کشمیر ، صورتحال ، تبادلہ خیال دونوں وزرائے خارجہ نے  دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر روابط اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن سے بھی ملاقات کی۔ انہیں بتایا کہ کشمیر میں صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک تک میسر نہیں ہو رہی۔ کشمیر کے مظلوم مسلمان، بھارتی استبداد سے نجات کے لئے مسلم امہ کی طرف نظریں جمائے ہوئے ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لئے مشاورتی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  خلیج تعاون کونسل کے اجلاس سے خطاب میں سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔