Friday, May 17, 2024

شاہ محمود قریشی کی شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات ، شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

شاہ محمود قریشی کی شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات ، شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال
April 19, 2021

دبئی (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان، متحدہ عرب امارات کے ساتھ کئ دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے پاکستان دبئی کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا  خیال رکھنے پر شیخ نہان بن مبارک النہیان اور اماراتی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ایکسپو 2020  میں قابلِ رشک  پاکستانی پویلین کا قیام پاکستان اور امارات کے بڑھتے ہوئے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ انشاء اللہ پاکستان شایانِ شان طریقے سےاکتوبر میں منعقدہ اس بین الاقوامی نمائش (ایکسپو 2020) میں شرکت کریگا۔ انہوں نے کہا پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اماراتی سینیئر وزیر نے متحد عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی۔ اماراتی وزیر نے دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے اپنی بھرپور معاونت کا عندیہ دیا۔