Tuesday, April 16, 2024

شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب سے ملاقات ، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے سے متعلق گفتگو

شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب سے ملاقات ، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے سے متعلق گفتگو
January 13, 2020
 ریاض (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب سے سعودی دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو کم کرنے اور امن قائم کرنے کی کوششوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امن مشن پر ایران کے بعد سعودی عرب پہنچ گے۔ دارلحکومت ریاض میں وزارت خارجہ کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے مابین گفتگو میں مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی  کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی  صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے  امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوشش یہی ہے کہ تمام فریقین کوصبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور گفت و شنید  کا راستہ اپنانے پر آمادہ کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ ایران اور امریکہ دونوں اپنے اپنے بیانات میں واضح کر چکے ہیں کہ وہ مزید کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتے۔  ان حالات میں ضروری ہے کہ فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کیا جائے تاکہ معاملات  افہام و تفہیم کیساتھ، پر امن انداز میں طے پا سکیں۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی لانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی کوششیں خوش آئین ہیں اورانہوں نے شاہ محمود قریشی کے دورے کا خیر مقدم بھی کیا۔ سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی عمان پہنچے جہاں عمان کے شاہی حکام سے سلطان قابوس کے انتقال پر اظہار تعزیت کریں گے۔ وزیرخارجہ آج ہی وطن واپس بھی پہنچیں گے۔