Friday, April 19, 2024

شاہ محمود قریشی کی سعودی ،برطانوی،عمانی وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں

شاہ محمود قریشی کی سعودی ،برطانوی،عمانی وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں
September 27, 2018
نیو یارک (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائنز پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں۔ نیو یارک کے دورے پر موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے جموں و کشمیر رابطہ گروپ سے خطاب کیا۔ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر اور خطے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف آواز اٹھانے پر او آئی سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے ۔ اقوام متحدہ کی مقبوضہ کشمیر سے متعلق مظالم کی رپورٹ حقیقت پر مبنی ہے اور بھارت کالے قانون کی آڑ میں ناقابل بیان مظالم ڈھا رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی سے سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر نے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ سے ملاقات میں شاہ محمود  قریشی نے دفاع ،تجارت ،تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو کثیر الجہتی سٹریٹیجک پارٹنرشپ  میں بدلنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ نے بین الاقوامی ریسکیو کمیٹی کے چیئرمین ڈیوڈ ملی بینڈ سے بھی ملاقات کی جس میں قدرتی آفات سے بچاؤ ،تعلیم ،صحت عامہ سمیت مختلف شعبہ زندگی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے عمانی ہم منصب یوسف بن علاوی بن عبداللہ اور یورپین یونین  کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موغرینی سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ٹی بی کے خاتمے سے متعلق اقوام متحدہ کے اجلاس  سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں ٹی بی کی تشخیص کیلئے سترہ سو سرکاری اور نجی ادارے کام کررہے ہیں جبکہ وہاں کامیاب علاج کی شرح پینسٹھ فیصد ہے جو دیگر ممالک سے کئی زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری ٹی بی کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرے۔