Thursday, March 28, 2024

شاہ محمود قریشی کی روری اسٹیورٹ سے ملاقات ، پاک برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال

شاہ محمود قریشی کی روری اسٹیورٹ سے ملاقات ، پاک برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال
June 19, 2019
 لندن (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن میں برطانوی وزیر بین الاقوامی ترقی روری اسٹیورٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان برطانیہ کیساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ برطانیہ کیساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے خواہشمند ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی برطانوی ہم منصب جیریمی ہنٹ سے بھی ملاقات ہوئی جس میں پاک، برطانیہ دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور برطانیہ کے مابین گہرے اور دیرینہ تعلقات ہیں۔ پاکستان، برطانیہ کیساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیر خارجہ پاکستان کا کہنا تھا پلوامہ واقعہ کے بعد پاکستان، بھارت کشیدگی میں کمی آئی، امن کیلئے برطانوی کردار قابل قدر ہے۔ پاکستان میں برٹش ائیرویز کی سروسز بحالی پر برطانیہ کے شکر گزار ہیں۔ ملاقات میں پاک، برطانیہ تجارتی، ثقافتی، تعلیمی، سیاحتی اور سیکورٹی امور پر تعاون میں وسعت پر اتفاق کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان میں صنعتی، انجینئرنگ، مواصلات ،توانائی، زرعی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ برطانوی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے مثبت پالیسیوں سے استفادہ کر سکتی ہیں۔