Friday, May 17, 2024

شاہ محمود قریشی کی ترک ہم منصب سے ملاقات ، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

شاہ محمود قریشی کی ترک ہم منصب سے ملاقات ، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
June 20, 2021

انقرہ (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے جس میں دو طرفہ تعلقات ، کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے انطالیہ سفارتی فورم کے کامیاب انعقاد پر ترک ہم منصب کو مبارکباد دی اور بہترین انتظامات پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ ترک وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خطاب کی تعریف کی ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتالیہ فورم میں دنیا بھر سے اعلیٰ سطحی قیادت کی شرکت اس فورم کی کامیابی کا مظہر ہے ۔ انطالیہ سفارتی فورم کی بدولت کثیر تعداد میں مختلف ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات اور تبادلہ ء خیال کے بہترین موقع میسر آئے ۔ پاکستان اور ترکی کے مابین اس اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کا ساتواں اجلاس رواں سال ترکی میں متوقع ہے ۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغان امن عمل اور افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔