Saturday, April 20, 2024

شاہ محمود قریشی کی آسٹریا اور سلووینیا کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

شاہ محمود قریشی کی آسٹریا اور سلووینیا کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
September 23, 2021 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی نیویارک میں آسٹریا اور سلووینیا کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ،ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین اور ریڈ کراس کے صدر سے ملاقات ہوئی ہے۔ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے آسٹریا کے ہم منصب الیگزینڈر شیلنبرگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، آسٹریا کو یورپی یونین کا ایک اہم ملک گردانتے ہوئے آسٹریا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

وزیرخارجہ کی سلووینیا کے ہم منصب سے ملاقات میں افغان صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان  الثانی سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر دونوں ممالک کا باہمی رابطے میں رہنا خوش آئند ہے۔

شاہ محمود قریشی کی بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس کے صدر پیٹر مورراور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلیپو گرانڈی سے بھی ملاقات ہوئی۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے افغانستان سے انخلا میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔