Thursday, April 18, 2024

شاہ محمود قریشی کا وزارت خارجہ میں قائم "ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ یونٹ کا دورہ

شاہ محمود قریشی کا وزارت خارجہ میں قائم "ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ یونٹ کا دورہ
April 28, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں قائم "ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ یونٹ کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ شاہ  محمود قریشی کا ڈائریکٹر جنرل کرائسز مینجمنٹ یونٹ سلمان اطہر نے خیرمقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے یونٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ نے یونٹ میں موصول ہونے والی کالز ، شکایات اور ان کے ازالے کیلئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ سلمان اطہر نے بیرون ملک سے پاکستانیوں کی واپسی کے حوالے سے وزیر خارجہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 11 ہزار 529 پاکستانیوں کو بیرون ممالک سے وطن واپس لایا جا چکا ہے۔ 62 ہزار 709 پاکستانی واپسی کے منتظر ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات اور تکالیف کا مکمل ادراک ہے۔ بیرون ممالک سے پاکستانیوں کی مرحلہ وارجلد وطن واپسی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلارہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے یونٹ کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈی جی سلمان اطہر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ دوسری طرف پی آئی اے نے بھی 20 ہزار پاکستانیوں کو لانے کا منصوبہ تیار کر لیا۔ 9 مئی تک 103 سے زائد خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔ گزشتہ روز افغانستان میں پھنسے مزید 426 پاکستان طورخم بارڈر کے راستے وطن واپس پہنچے تھے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا۔ محمود اسلم کا مزید کہنا تھا کہ طورخم سرحد کے راستے آنے والوں کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے ہے۔ قبل ازیں ملائیشیا میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر پی آئی اے کی خصوصی پرواز کراچی پہنچی تھی۔ پرواز پی کے 895 سے 250 مسافر وطن پہنچے، کراچی ائیرپورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ کی گئی جس کے بعد کورونا کے مشتبہ مسافروں کو خاص انتظامات کے تحت آئسولیشن سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔