Tuesday, April 23, 2024

شاہ محمود قریشی کا مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے صدر کو خط

شاہ محمود قریشی کا مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے صدر کو خط
August 6, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے صدر اور سیکرٹری جنرل کو خط لکھ دیا۔

مقبوضہ جموں وکشمیر سے متعلق 5 اگست کے بھارتی اقدام کے خلاف وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا 16واں خط  سلامتی کونسل  کے صدراور سیکرٹری جنرل کو پہنچا دیا گیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے خط پہنچائے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ  بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے غیر قانونی اقدامات کو واپس لے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں، کشمیری امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔ نتیجہ خیز بات چیت، روابط کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ  مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فی الفور روکی جائیں ۔ سلامتی کونسل بھارت سے ان اقدامات پر عملدرآمد کرائے۔ کشمیریوں سے  حق خودارادیت کے وعدے  بھی پورے کیے جائیں۔