Sunday, May 12, 2024

شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط، بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا

شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط، بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا
October 28, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور صدر سلامتی کونسل کو خط لکھا۔

پاکستانی مندوب نے صدر سلامتی کونسل سے ملاقات کر کے انہیں وزیرخارجہ کا خط دیا۔ خط بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال  کے حوالے سے لکھا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر یوم سیاہ پر اقوام متحدہ کو ایک اور خط لکھا۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل صدر، سیکرٹری جنرل کو خط تحریر کیا۔ وزیر خارجہ نے بھارتی غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کی جانب توجہ مبذول کرائی۔

 وزیر خارجہ نے خط میں لکھا بھارت سات دہائیوں سے کشمیری عوام کو خودارادیت کا حق دینے سے انکاری ہے۔ ہندوستان نے 5 اگست 2019 کو یکطرفہ، غیرقانونی، غیر آئینی اقدامات کیے۔ ہندوستان مسلسل مقبوضہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے۔ بھارت متواتر اقوام متحدہ قراردادوں، بین الاقوامی قانون، چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارت کشمیریوں کے خلاف فوجی محاصرے، ماورائے عدالت قتل عام، جعلی آپریشنز کر رہا ہے۔ ہندوستان جبری گمشدگیوں کا مرتکب، پیلٹ گنز کا بلاتفریق استعمال کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، جنگی جرائم پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا تعمیری پیشرفت کے لیے موذوں ماحول پیدا کرنے کا انحصار بھارت پر ہے۔ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و جبر، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے۔ بھارت 5 اگست 2019ء کے غیرقانونی، یکطرفہ اقدامات ختم کرے۔ ہندوستان مقبوضہ علاقے میں جاری آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے اقدامات واپس لے۔