Friday, April 19, 2024

شاہ محمود قریشی نے کورونا سے نمٹنے کیلئے ٹائیگر فورس نوجوانوں سے رابطے تیز کردئیے

شاہ محمود قریشی نے کورونا سے نمٹنے کیلئے ٹائیگر فورس نوجوانوں سے رابطے تیز کردئیے
June 7, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا سے نمٹنے کیلئے ٹائیگر فورس  میں شامل نوجوانوں سے رابطے تیز کردیئے، دوسری جانب وزارت خارجہ میں کورونا پھیلاؤ روکنے کیلئے کم سے کم افرادی قوت کیساتھ کام کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ کورونا وباء کے مضمرات سے نمٹنے اور ٹائیگر فورس کو فعال بنانے کیلئے شاہ محمود قریشی ملتان کی مختلف یونین کونسلز سے ٹائیگر فورس میں شمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ اپنے حلقے این اے 156 سے کورونا بچاؤ مہم کا آغاز کردیا۔ وزیر خارجہ نے ملتان کی مختلف یونین کونسلز سے تعلق رکھنے والے ٹائیگر فورس رضاکاروں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب میں کہا کہ ملک بھر کے نوجوانوں نے جس طرح سے وزیر اعظم کی اپیل پر لبیک کہا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ نوجوان، تحریک انصاف کا وہ اثاثہ ہیں جنہوں نے ہر کڑے وقت میں آگے بڑھ کر ملک و قوم کی خدمت کا بیڑا اٹھایا۔ شاہ محمود قریشی بولے کہ اس وقت پوری قوم کورونا کی صورت میں ایک کڑے امتحان سے گزر رہی ہے، ہم نے مل کر بحیثیت قوم اس عالمی وباء سے لڑنا ہے اور انشاء اللہ اسے شکست دینا ہے۔ میں اس سارے ریلیف مشن کی خود نگرانی کروں گا، آپ مجھے قدم قدم پر اپنے ساتھ اس جدوجہد میں مصروف عمل پائیں گے۔ ادھروزارت خارجہ میں کورونا پھیلاؤ روکنے کیلئے کم سے کم افرادی قوت کیساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ میں گزشتہ ہفتے کورونا کے 5 کیسز سامنے آئے۔