Saturday, April 20, 2024

شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں اٹھائے گئے 5 اگست 2019 کے اقدامات پر آزادانہ ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کر دیا

شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں اٹھائے گئے 5 اگست 2019 کے اقدامات پر آزادانہ ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کر دیا
June 22, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں اٹھائے گئے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات پر آزادانہ ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت جب اقتدار میں آئی تو پاکستان گرے لسٹ میں جا چکا تھا۔ ہم ان مضمرات سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت روکنے کیلئے جو اقدامات ہماری حکومت نے اٹھائے وہ کسی حکومت نے نہیں اٹھائے۔ دنیا ہم سے توقعات لگاتی ہے لیکن ہم اپنے فیصلے ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کرتے ہیں۔ ہماری حکومت کی اقتصادی ترجیحات کو سراہا جا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں کی رائے لینے کے لیے آزادانہ ریفرنڈم کرائے۔ اگر کشمیری ان یکطرفہ اقدامات کو مسترد کر دیں تو بھارت کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرنا ہو گی۔ انہوں نے افغانستان کی صورتحال کوتشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہمسایہ ہونے کے ناطے ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام ہو۔ پاکستان امن میں شراکت داری کیلئے تیار ہے۔