Saturday, May 4, 2024

شاہ محمود قریشی نے مائیک پومپیو کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا

شاہ محمود قریشی نے مائیک پومپیو کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا
February 26, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) بھارت کی شرانگزیوں پر پاکستان نے آواز اٹھا دی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ٹیلی فون رابطہ کیا جس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں پرحکومت پاکستان ، پارلیمنٹ اور عوامی جذبات سے آگاہ کیا۔ بھارت کے جھوٹے دعوؤں پر عالمی برادری کا ردعمل بھی آگیا۔ یورپی یونین کی دونوں ممالک سے تحمل سے کام لینے کی اپیل اور چین  کا بھارتی رویے پر اظہار تشویش بھی سامنے آیا۔ دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ پوری دنیا کے لیے ہولناک قرار دے دی۔ پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ بھارت کے گلے پڑنے لگے۔ پاکستان نے خطے میں امن کی کوششوں کو متاثر کرنے والے بھارتی عزائم سے عالمی برادری کو آگاہ کر دیا وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا امریکی ہم منصب سے ٹیلی فون رابطہ ہوا جس میں خطے میں امن وامان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخارجہ نے بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔ بولے ہندوستان سیاسی مقاصد  اور انتخابات کے لیے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔ بھارتی اقدامات سے افغانستان میں امن کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا جارحانہ اقدام قابل مذمت ہے۔ توقع ہے امریکا اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ پر یورپی یونین نے دونوں ممالک کے تعلقات کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لینے کا عندیہ دے دیا۔ فریقین کو تحمل سے کام لینے اور تناؤ میں اضافہ نہ کرنے کی اپیل  بھی کر دی۔