Friday, April 26, 2024

شاہ محمود قریشی نے فیٹف فورم کے کردار پر پھر سوالات اٹھا دیئے

شاہ محمود قریشی نے فیٹف فورم کے کردار پر پھر سوالات اٹھا دیئے
June 27, 2021

ملتان (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فیٹف فورم کے کردار پر پھر سوالات اٹھا دیئے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فیٹف کو حکومتی اقدامات دیکھتے ہوئے پاکستان کو وائٹ لسٹ میں شامل کرنا چاہیئے تھا۔ بھارت نے فیٹف کے فورم کو سیاسی طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی ۔ مودی سرکار آل پارٹیز کانفرنس کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکی۔

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا لاہور بم دھماکے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، جلد ذمہ دار بے نقاب ہوں گے ۔ کچھ عناصر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ۔ امید ہے پاکستان جلد گرے لسٹ سے نکل جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے بعد افراتفری بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ ہم افغانستان میں امن اور خوشحالی کے خواہاں ہیں ۔ ہم نہیں چاہتے کہ افغانستان کی وجہ سے ہمارے ہاں حالات خراب ہوں ، ہم پناہ گزینوں کا نیا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ق لیگ کی جانب سے صوبائی بجٹ پاس کروانے کے لئے تعاون پر مشکور ہیں ۔ جنوبی پنجاب صوبہ ہمارے پارٹی منشور کا حصہ ہے ۔ اگست میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی عمارت پر باقاعدہ طور پر کام شروع ہو جائے گا ، ہمیں با اختیار سیکرٹریٹ چاہیئے ۔

انہوں نے پی ایس ایل چیمپئن بننے پر ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر خان ترین کو مبارکباد بھی دی۔