Tuesday, May 14, 2024

شاہ محمود قریشی نویں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسیس وزارتی کانفرنس میں شرکت کیلئے دوشنبے پہنچ گئے

شاہ محمود قریشی نویں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسیس وزارتی کانفرنس میں شرکت کیلئے دوشنبے پہنچ گئے
March 29, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نویں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسیس وزارتی کانفرنس میں شرکت کیلئے دوشنبے پہنچ گئے۔

وزیر خارجہ کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ کانفرنس کا عنوان امن و ترقی کیلئے اتفاق رائے کو مضبوط بنانا ہے۔

دشنبے میں منعقدہ نویں "ہارٹ آف ایشیا - استنبول پراسس " کانفرنس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو کے ساتھ ملاقات ہوئی۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور ترکی کے مابین یکساں مذہبی، تہذیبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر گہرے برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے مابین اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کے قیام نے دونوں ممالک کے تعلقات کو اسٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل کر دیا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے نویں ہارٹ آف ایشیا - استنبول پراسس کانفرنس"کے انعقاد کو افغانستان میں قیام امن کیلئے خوش آئند قرار دیا۔ وزیر خارجہ نے کشمیر کے مسئلے پر ترکی کی جانب سے مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے اسے مظلوم کشمیریوں کیلئے حوصلے کا باعث قرار دیا۔

ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن وسلامتی کیلئے کی جانے والی تمام کاوشوں میں ترکی کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔