Thursday, April 25, 2024

شاہ محمود قریشی کی عمان کے نئے سلطان ہیثم بن طارق السید سے ملاقات

شاہ محمود قریشی کی عمان کے نئے سلطان ہیثم بن طارق السید سے ملاقات
January 14, 2020
مسقط ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود سعودی عرب کے دورہ کے بعد سلطنت عمان پہنچے جہاں انہوں نے عمان کے نئے سلطان ہیثم بن طارق السید سے ملاقات کی ۔ سلطان عمان  ہیثم بن طارق السید سے ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  صدر پاکستان  ، وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کی طرف سے عمان کے سلطان قابوس بن سید کے انتقال پر اظہار تعزیت کی ۔ وزیر خارجہ نے مرحوم سلطان قابوس کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعا  کی ، سلطان ہیثم نے وزیر خارجہ کی آمد اور تعزیت کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل وزیر خارجہ  نے سعودی ہم منصب سے سعودی دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو کم کرنے اور امن قائم کرنے کی کوششوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ دارالحکومت ریاض میں وزارت خارجہ کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے مابین گفتگو میں مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی  کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی  صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے  امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوشش یہی ہے کہ تمام فریقین کوصبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور گفت و شنید  کا راستہ اپنانے پر آمادہ کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ ایران اور امریکہ دونوں اپنے اپنے بیانات میں واضح کر چکے ہیں کہ وہ مزید کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتے۔  ان حالات میں ضروری ہے کہ فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کیا جائے تاکہ معاملات  افہام و تفہیم کیساتھ، پر امن انداز میں طے پا سکیں۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی لانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی کوششیں خوش آئند ہیں اورانہوں نے شاہ محمود قریشی کے دورے کا خیر مقدم بھی کیا۔