Friday, March 29, 2024

وزیر خارجہ کا دورہ سری لنکا ، ہم منصب اور سری لنکن صدر سے ملاقات

وزیر خارجہ کا دورہ سری لنکا ، ہم منصب اور سری لنکن صدر سے ملاقات
December 2, 2019
کولمبو ( 92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورہ سری لنکا پر ہیں ، جہاں انہوں نے  سری لنکن ہم منصب اور صدر سے ملاقاتیں کیں ،   دونوں کو دورہ پاکستان کی دعوت  اور باہمی تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج علی الصبح  سری لنکا کے دو روزہ دورے پر پہنچے ،  نو منتخب صدر گوتابایا راجا پاکسے سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی  اور انہیں  منصب سنبھالنے پر پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیر خارجہ نے  صدر پاکستان عارف علوی کا تہنیتی خط سری لنکن  صدر کے حوالے  کیا۔ گفتگو میں وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی صدارتی منصب سنبھالنے کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ،  دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں اور دستیاب مواقع سے استفادہ حاصل کرنا ہوگا جو یقیناً سود مند ثابت ہو گا ۔ سری لنکن صدر نے پاکستانی قیادت کے تہنیتی پیغامات اور  دورہ پاکستان کی دعوت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سری لنکن ہم منصب سے ملاقات کی ، گفتگو میں کہا کہ پاکستان ، سری لنکا کے ساتھ کئی دہائیوں پر محیط ان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا متمنی ہے ، دونوں ممالک نے باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی ہے ۔ وزیر خارجہ نے اپنے سری لنکن ہم منصب کو 5 اگست کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ان کے نتیجے میں خطے کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے دنیا بھر میں ہر فورم پر آواز اٹھا رہے ہیں۔