Friday, April 26, 2024

سعودی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ، شاہ سلمان نے ولی عہد شہزادہ مقرن اور وزیرخارجہ سعود الفیصل کو برطرف کر دیا

سعودی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ، شاہ سلمان نے ولی عہد شہزادہ مقرن اور وزیرخارجہ سعود الفیصل کو برطرف کر دیا
April 29, 2015
ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شاہ سلمان نے شہزادہ مقرن کو ولی عہد اور سعود الفیصل کو وزیرخارجہ کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے جبکہ وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نائف کو ولی عہد اور امریکہ میں تعینات سفیر عادل الجبیر کو وزیر خارجہ مقرر کیا ہے۔ سعودی سرکاری ٹی وی کے مطابق کابینہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے۔شاہی حکم نامے کے مطابق شاہ سلمان کے چھوٹے سوتیلے بھائی شہزادہ مقرن کو ولی عہد اور نائب وزیراعظم کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا گیا ہے اور انکی جگہ شاہ سلمان کے بھتیجے شہزادہ محمد بن نائف کو نیا ولی عہد مقرر کیا گیا ہے۔ وہ نائب وزیراعظم، وزیرداخلہ اور سیاسی و سلامتی امور کونسل کے سربراہ بھی ہونگے جبکہ شہزادہ محمد بن سلمان کو نائب ولی عہد مقرر کیا ہے۔ معمر وزیرخارجہ شہزادہ سعودالفیصل کو بھی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا گیا ہے۔ انکی جگہ امریکہ میں سعودی عرب کے سفیر عادل الجبیر کو نیا وزیرخارجہ مقرر کیاگیا ہے۔ وزیراقتصادی امور کو بھی عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔ سعودی شاہ کی جانب سے ان اچانک تبدیلیوں سے شاہی خاندان میں اختلافات کی خبریں جنم لے رہی ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق یمن پر فضائی حملوں کی بندش اور ملک میں 93دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد یہ تبدیلیاں انتہائی اہم ہیں۔