Saturday, April 20, 2024

شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کا صالح خشوگی سے انکے والد کے قتل پر اظہار تعزیت

شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کا صالح خشوگی سے انکے والد کے قتل پر اظہار تعزیت
October 22, 2018
ریاض (92 نیوز) صحافی جمال خشوگی کی موت کا معاملہ سعودی عرب کیلئے وبال جان بنتا جارہا ہے۔ مسلسل بڑھتے عالمی دباو پر سعودی فرمانروا اور ولی عہد نے مقتول جمال خشوگی کے صاحبزادے صالح خشوگی کو ٹیلی فون کیا جس میں تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوا ن کو فون کر کے جمال خشوگی قتل  پر تبادلہ خیال کیا۔ ترک صدارتی محل کے مطابق دونوں رہنمائوں نے معاملے کی مکمل تحقیقات پر اتفاق کیا ۔ دونوں صدور میں اتفاق ہوا کہ سعودی قونصل خانے میں صحافی کے قتل کی وضاحت ضروری ہے۔ اردوان پہلے ہی منگل تک واقعے کی مکمل رپورٹ منظر عام پر لانے کا کہہ چکے ہیں۔ دوسری جانب جمال خشوگی کے  قتل کی تصدیق کے بعد اقوام عالم نے سعودی بیان پر یقین کرنے سے انکار کردیا۔ امریکی وزیر خزانہ سٹیون منوچن نے کہا خشوگی قتل کے بعد سعودی اقدامات اچھے  لیکن ناکافی ہیں۔ سعودی عرب پر پابندیوں سے متعلق بات کرنا  قبل از وقت ہو گا۔ جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے بھی سعودی حکومت کی وضاحت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے  کہا موجودہ حالات میں جرمنی سعودی عرب کو ہتھیار برآمد نہیں کرسکتا ہے۔ جرمنی نے گذشتہ ماہ ہی سعودی عرب سے 480 ملین ڈالر کے اسلحے کی فروخت کا معاہدہ کیا ہے۔ برطانوی  وزیر برائے بریگزٹ ڈومینیک راب  کا کہنا تھا کہ جمال خشوگی کے قتل سے متعلق سعودی وضاحت غیر متعبر ہے۔