Monday, September 16, 2024

شاہ زیب قتل کیس، سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا

شاہ زیب قتل کیس، سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا
February 1, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) شاہ زیب قتل کیس میں سول سوسائٹی کی کاوشیں رنگ لے آئیں ۔  سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر تمام ملزموں کی دوبارہ گرفتاری کا حکم دے دیا۔ قتل  کیس میں دہشتگردی کی دفعات بھی  بحال کر دی گئیں۔

سول سوسائٹی کی درخواست پر سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کوکیس کی دوبارہ سماعت کر کے دو ماہ میں  نمٹانے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت عالیہ نے شاہ رخ جتوئی،سراج تالپور اورسجاد تالپور کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا بھی حکم صادر کر دیا۔  

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا ملزم نے وکٹری کا نشان  خوشی میں بنایا تھا ؟ ۔ جبکہ ملزم شاہ رخ جتوئی کے وکیل  لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وکٹری کا نشان بچے کو لے ڈوبا۔

والدین کے اکلوتے بیٹے مقتول شاہ زیب کیس میں دہشتگردی کی دفعات ختم  ہونے اورمرکزی ملزم  شاہ رخ جتوئی و دیگر کی ضمانت پر رہائی پر  سول سوسائٹی نے آواز اٹھائی اور بااثر ملزموں کے خلاف انصاف کے لیے عدالت عظمیٰ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

دوسری جانب پولیس کی جانب سے شاہ زیب کے قاتلوں کو وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا ۔ ملزموں کو پبلک گیٹ کے بجائے ججز گیٹ سے روانہ کیا گیا ۔ پولیس اہلکاروں نے میڈیا نمائندوں سے بھی بد تمیزی کی اور کوریج سے بھی روک دیا ۔

پولیس نے شاہ رخ جتوئی کو ساتھیوں سمیت تھانہ سیکرٹریٹ منتقل  کیا ۔ پولیس کے مطابق  سپریم کورٹ کا تحریری حکم  آنے کے بعد ملزم شاہ رخ جتوئی کو سندھ پولیس کےحوالے کیا جائیگا ۔