Friday, March 29, 2024

شاہ زیب قتل کیس: تمام ملزمان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

شاہ زیب قتل کیس: تمام ملزمان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم
January 13, 2018

کراچی (92 نیوز) شاہ زیب قتل کیس میں بڑا فیصلہ سامنے آ گیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے سول سوسائٹی کی اپیلیں سماعت کیلئے منظور کر لیں اور شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزمان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیدیا۔
دوران سماعت بیرسٹر لطیف کھوسہ نے دلائل دیئے کہ شاہ رخ کے باورچی اور شاہ زیب میں معمولی جھگڑا تھا۔ رات ڈیڑھ بجے وہاں کوئی نہیں تھا جو دہشت گردی پھیلی ہوئی اب اسے امیر غریب کا مسئلہ بنا دیا گیا۔
اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر اے ٹی اے لگا تو نتائج الگ ہوں گے۔
دوسری طرف سول سوسائٹی کے وکیل بیرسٹر فیصل صدیقی نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان پر جرم ثابت ہوا۔ بد قسمتی سے ریاست بھی ملزمان کو تحفظ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پاس وسیع اختیارات ہیں۔
اس پر چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ آپ مدعی نہیں اور ریاست بھی پیچھے ہٹ گئی ہے۔ قانون دیکھنا پڑے گا کیا ہو سکتا ہے ؟
بھینسوں کو ٹیکے لگانے کا کیس: سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس نے بھینسوں کو ٹیکے لگانے اور ٹیٹرا پیک دودھ کی فروخت سے متعلق کیس کی بھی سماعت کی جس میں چیف جسٹس نے ریماکس دئیے کہ ڈبوں میں دودھ نہیں، سفید مادہ فروخت کیا جا رہا ہے۔ کہیں اس میں یوریا تو شامل نہیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے حکم دیا کہ ڈبوں پر تحریر کریں کہ یہ دودھ کا متبادل نہیں اور ساتھ ہی کراچی میں دستیاب دودھ کے ڈبوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کا حکم بھی دے دیا۔
وی آئی پی موومنٹ کیس: چیف جسٹس آف پاکستان اور آئی جی سندھ کے مابین وی آئی پی موومنٹ کیس میں دلچسپ مکالمہ ہوا۔ مکالمے میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے آئی جی سندھ سے استفسار کیا کہ سڑکوں کی بندش سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس پر آئی جی سندھ نے کہا کہ وی وی آئی پیز کیلئے قوانین موجود ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ میں بھی تو وی آئی پی ہوں، میرے لئے تو سڑک بلاک نہیں کی جاتی۔
عدالت نے سڑکیں بلاک نہ کرنے کا حلف نامہ طلب کر لیا۔