Friday, April 19, 2024

شامی فوج نے داعش سے پلمائرا کا قبضہ چھین لیا

شامی فوج نے داعش سے پلمائرا کا قبضہ چھین لیا
March 2, 2017

دمشق / بغداد (ویب ڈیسک) شام کے کئی شہروں میں حکومتی اتحادی افواج اور داعش کے شدت پسندوں کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ شامی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے داعش کو پسپا کر کے تاریخی شہر پلمائرا پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شامی حکومت کے فوجی دستے اور اس کی اتحادی ملیشیائوں کے جنگجوؤں نے 2 ہفتے قبل پلمائرا کی جانب پیش قدمی شروع کی تھی جن میں انہیں روس کی فضائیہ کی مدد بھی حاصل ہے۔ شام کے اس تاریخی شہر پر گزشتہ سال دسمبر میں داعش نے قبضہ کر لیا تھا۔

سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق سرکاری فوجی دستوں نے شہر کے کئی نواحی علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

دوسری جانب عراقی شہر موصل میں بھی داعش آخری ہچکیاں لینے میں مصروف ہے۔ سرکاری فورسز اور ان کے اتحادیوں نےداعش کو موصل کے باقی علاقوں سے نکالنے کیلئے تابڑتوڑ حملے شروع کر دیے ہیں۔ موصل کے مغربی علاقوں میں فورسز کی مختلف زمینی اور فضائی کارروائیوں میں داعش کے ایک سو سے زائد دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

موصل آپریشن کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عبدلامیر کا کہنا ہے کہ نویں بکتربند بریگیڈ کی ایک کارروائی میں 12 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی میں داعش سے خالی کرائے گئے علاقے کو دھماکا خیز مواد سے صاف کر دیا گیا ہے جبکہ وادی حجر پر حملے میں 40 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

موصل کے مختلف علاقوں میں عراقی فضائیہ کے حملوں میں 64 جبکہ اتحادی فورسز کے فضائی حملوں میں داعش سے منسلک 35 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ عراقی فورسز کا کہنا ہے کہ انہوں نے مغربی موصل میں سب سے اہم شاہراہ پر بھی قبضہ کر لیا ہے اور دہشت گردوں کیخلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔