Sunday, September 8, 2024

شامی شہر پر داعش کا حملہ‘ نہتے شہریوں کا قتل عام‘ سیکڑوں یرغمال

شامی شہر پر داعش کا حملہ‘ نہتے شہریوں کا قتل عام‘ سیکڑوں یرغمال
January 18, 2016
دمشق (ویب ڈیسک) شام میں داعش کے جنگجووں نے پچاس فوجیوں سمیت تین سو سے زائد افراد کو قتل کر دیا۔ چار سو سے زائد یرغمال بنا لیے‘ یرغمال افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش کے جنگجووں نے شام کے مشرقی شہر دیرالزور پر حملہ کرکے 300 سے زائد افراد کو ہلاک اور 400 سے زائد کو یرغمال بنا لیا۔ غیرملکی خبررساں اداروں کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ایک برطانوی مانیٹرنگ گروپ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز شروع ہونے والے داعش کے حملے میں کم ازکم 300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ مانیٹرنگ گروپ کے مطابق مرنے والوں میں 50 فوجی اور باقی عام شہری شامل ہیں جن میں زیادہ تر خواتین‘ بچے اور بوڑھے افراد کی ہے۔ واضح رہے کہ ایک دن میں شہریوں کی ہلاکتوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ حکومتی فوجیں دیرالزور پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے داعش سے لڑائی میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش نے جون 2014ءمیں شام اور عراق میں وسیع رقبے پر قبضہ کرکے وہاں خود ساختہ خلافت کے قیام کا اعلان کر رکھا ہے اور ابوبکر البغدادی کو اپنا خلیفہ مقرر کیا ہوا ہے۔