Thursday, April 18, 2024

شام کی خانہ جنگی سے متاثر داریا شہر میں چار سال بعد پہلی بارامدادی سامان کی ترسیل

شام کی خانہ جنگی سے متاثر داریا شہر میں چار سال بعد پہلی بارامدادی سامان کی ترسیل
June 2, 2016
داریا (ویب ڈیسک) شام کی خانہ جنگی سے متاثر داریا شہر میں چار سال بعد پہلی بار امدادی سامان پہنچایا گیا۔ داریا میں کھانے پینے کی چیزوں، صاف پانی اور ادویات کی شدید قلت ہے۔ بدھ کی صبح 48 گھنٹے کی جنگ بندی ہوئی جس کے دوران ویکسین، بچوں کا دودھ، ادویات اور دیگر اشیا علاقے میں پہنچائی گئی ہیں۔ عالمی ریڈکراس کا کہنا ہے کہ نومبر 2012 کے بعد سے پہلی بار امدادی سامان دمشق کے مضافاتی علاقے داریا پہنچایا گیا۔ داریا میں امدادی سامان اقوام متحدہ، عالمی ریڈکراس اور شامی ہلال احمر کی ٹیموں نے پہنچایا۔ داریا ان شہروں میں سے ایک ہے جہاں شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف مظاہروں کا آغاز ہوا تھا۔ اس علاقے کی بجلی تین سال قبل ہی کاٹ دی گئی تھی۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ متعدد بار شامی فوج سے درخواست کی گئی تھی کہ امدادی سامان داریا میں جانے کی اجازت دی جائے تاہم شامی فوج نے اس کی اجازت نہیں دی تھی۔