Friday, March 29, 2024

شام پر حملے کا بہانہ جھوٹا نکلا،جعلی رپورٹس بنائی گئیں

شام پر حملے کا بہانہ جھوٹا نکلا،جعلی رپورٹس بنائی گئیں
November 24, 2019
لندن ( 92 نیوز) عراق کے بعد شام پر حملے  کا بہانہ بھی  جھوٹا نکلا ، دوما پر کیمیائی گیس کا حملہ نہیں ہوا تھا، اقوام متحدہ کی واچ ڈاگ رپورٹ یکسر غلط تھی ، برطانوی اخبار ڈیلی میل اقوام متحدہ کے اہلکار کی ایل میلز سامنے لے آیا، امریکا، برطانیہ اور فرانس کے دعوے جھوٹے نکلے۔ شام کے شہر دوما میں اپریل 2018 میں ہونے والا کیمیائی حملہ سچ تھا یا جھوٹ، اقوام متحدہ کے اپنے ہی اہلکار کی ای میل نے عالمی تنظیم کی رپورٹ کا بھانڈہ پھوڑ ڈالا۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل اقوام متحدہ کے ایک اہلکار کی ای میلز منظر عام پر لے آیا ، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عراق کی طرح شام پر حملے  کیلئے بھی جعلی دستاویزات تیار کی گئیں ، اقوام متحدہ کی واچ ڈاگ رپورٹ یکسرغلط تھی۔ دوما پر کیمیائی حملے کو بنیاد بنا کر بنا شواہد کا انتظار کیے امریکا، برطانیہ اور فرانس نے شام پر حملہ کر دیا تھا ،مشترکہ کارروائی میں سو سے زائد میزائل داغے گئے تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی نام نہاد کیمیائی حملے کے حوالے سے ٹویٹ کی، فرانسیسی صدر ایمونیل میکرون نے تو اپنے پاس شواہد ہونے کا دعویٰ کردیا تھا جبکہ اس وقت کی برطانوی وزیراعظم ٹریزامے نے بھی ان حملوں پر کافی پُراعتماد انداز میں بیان دیا تھا۔ شام کے صدر بشار الاسد پر زہریلی گیس حملے کا الزام لگاتے ہوئے کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی تھیں، جن میں متاثرہ بچوں کو تڑپتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔