Saturday, April 27, 2024

شام میں کیمیائی حملہ بیرونی ایجنسیوں کی جانب سے ایک ڈرامہ ہے،روس

شام میں کیمیائی حملہ بیرونی ایجنسیوں کی جانب سے ایک ڈرامہ ہے،روس
April 14, 2018
ماسکو (92 نیوز)روس نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں کیمیائی حملہ بیرونی ایجنسیوں کی جانب سے ایک ڈرامہ ہے۔ دوسری جانب امریکا نے کہا کہ روس اپنے اتحادی شام کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ شام میں مبینہ کیمیائی حملے کیخلاف دو بڑی طاقتیں آمنے سامنے ہیں۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اپنے بیان میں کہا کہ شام میں غیر ملکی ایجنٹس کی مدد سے کیمیائی حملے کا ڈرامہ رچایا گیا۔ ادھر روسی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ شام میں مبینہ کیمیائی حملے کے پیچھے برطانیہ کا ہاتھ ہے۔ تاہم دوسری طرف امریکا نے روسی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ شام میں کیمیائی حملہ ہوا اور اس کے پیچھے شامی حکومت ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس نے اپنے بیان میں کہا کہ روس اپنے اتحادی شام کو روکنے میں ناکام ہو گیا ہے۔ کیمیکل حملے کے جعلی ہونے کا روسی پراپیگنڈہ جھوٹ اور شام کو بچانے کیلئے ہے۔