Friday, April 19, 2024

شام میں داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کے ٹھکانے پر آپریشن کی ویڈیو جاری

شام میں داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کے ٹھکانے پر آپریشن کی ویڈیو جاری
October 31, 2019
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکا نے شام میں داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کے ٹھکانے پر آپریشن کی ویڈیو جاری کر دی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فورسز البغدادی کے کمپاؤنڈ کی طرف جا رہے ہیں ۔ اسی دوران باہر موجود دس سے پندرہ دہشتگرد فورسز کی جانب بڑھنے لگتے ہیں جن پر ہیلی کاپٹرز  سے فائرنگ کی جاتی ہے ۔ ویڈیو کے ایک اور حصے میں آپریشن مکمل ہونے کے بعد ٹھکانے کو میزائل کے ذریعے نشانہ بناتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے ۔ کمانڈر سنٹرل کمانڈر جنرل کینتھ مکینزی نے  پریس بریفنگ میں آپریشن کی مزید تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائی میں البغدادی سمیت چھے دہشتگرد ہلاک ہوئے جن میں چار خواتین بھی شامل ہیں جبکہ گیارہ بچوں کو بحفاظت وہاں سے باہر نکالا گیا۔ جنرل مکینزی کا مزید کہنا تھا کہ ابوبکر بغدادی کی ہلاکت کے بعد داعش مزید خطرناک ہوگئی ہے اور وہ بدلہ لینے کیلئے جوابی حملے کرسکتی ہے ۔ دوسری جانب امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہا لبغدادی کی مخبری کرنے والے کو دو کروڑ پچاس لاکھ ڈالر انعامی رقم  دی جائے گی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مخبر داعش کا اہم رکن تھا جس نے بغدادی کو شام کے اطراف میں آنے جانے اور خفیہ  ٹھکانے کی تعمیر میں اس کی مدد کی۔ رپورٹ کے مطابق مخبر بغدادی کی نقل و حرکت کے علاوہ شام میں اس کی آخری پناہ گاہ کے ایک ایک کمرے سے بھی واقف تھا۔ آپریشن کے وقت مخبر  جائے وقوعہ پر ہی موجود تھا جسے دو روز بعد اہلخانہ کے ہمراہ  دوسری جگہ منتقل کیا گیا۔ مخبر کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ۔